• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، مدرسے میں بم دھماکا، بچوں سمیت 19 جاں بحق، 24 زخمی

کابل (اے ایف پی، جنگ نیوز) افغانستان کے شمالی علاقے میں ایک مدرسے میں بم دھماکے کے نتیجے میں بچوں سمیت 19افراد جاں بحق اور 24 دیگر زخمی ہو گئے، ، دھماکا دارالحکومت کابل کے شمال میں تقریباً 200کلومیٹر دور واقع ایبک شہر میں ہوا ، ایبک کے ایک ڈاکٹر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور عام شہری شامل ہیں ۔ ایک صوبائی عہدیدار نے الجہاد نامی مدرسے میں دھماکے کی تصدیق کی ہے لیکن ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی۔ طالبان حکام نے بتایا کہ 10طلبہ جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالنافع ٹکور نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سراغ رساں اور سکیورٹی فورسز اس ناقابل معافی جرائم کے مجرموں کی شناخت کے لئے تیز رفتاری سے کام کررہی ہیں تاکہ ان کو سزا دی جاسکے۔ ایبک میں موجود ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ شدید زخمیوں کو مزار شریف کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو اور تصاویر میں طالبان جنگجو بلڈنگ کے فرش پر بکھری لاشوں کے درمیان سے راستہ نکالتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، جس کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید