اسلام آباد (نیوزڈیسک) عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کی پولیٹیکل سیکرٹری مس باؤں زونگ نے کہا ہے کہ چین نے شن زاؤ15 (Shenzhou-15) نامی خلائی جہاز خلا میں چھوڑا ہے جس میں تین خلاباز سوار ہیں یہ خلائی جہاز ملک کے خلائی اسٹیشن سے بدھ کے روز ملا جہاں پر ان خلابازوں نے پہلے سے موجود تین خلا بازوں سے ملاقات کی یہ ایک تاریخی ملاقات تھی جس کی وجہ سے خلائی تجربہ گاہ میں پہلی دفعہ انسانوں کی تعداد چھ تک پہنچی۔ انہوں نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شن زاؤ پندرہ مشن خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے آخری مرحلے کو مکمل کرے گا اور اس کو استعمال کرنے کے پہلے مرحلے کا آغاز کرے گا۔ شن زاؤ 14کے خلاباز جن کو جون 2022 میں خلائی اسٹیشن میں بھیجا گیا تھا وہ اپنا کام پانچ دن میں مکمل کرکے چین کے ذونگ فینگ کے علاقے میں لینڈ کرے گا۔ شن زاؤ ۔15 کا عملہ اپنے چھ ماہ طویل مشن کے دوران خلائی اسٹیشن کے تین حصوں میں لمبے عرصے تک رہائش سے متعلق تجربات کرے گا۔ باؤں زونگ نے مزید بتایا کہ خلائی عملہ پندرہ مختلف تجربات سے سازوسامان نصب کرے گا جس سے چالیس مختلف تجربات اور خلائی سائنسی تحقیق کے مطابق ٹیسٹ کئے جائیں گے، اس سازوسامان سے خلائی ادویات اور دوسری خلائی ٹیکنالوجی سے متعلق ریسرچ بھی کی جائے گی اس خلائی اسٹیشن میں دو باورچی خانے، دو بیت الخلاء اور چھ سونے کے حصے شامل ہیں۔