• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ نائن ہفتہ وار بازار میں آتشزدگی، 3 سو سے زائد دکانوں کو نقصان

اسلا م آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار ) وفاقی دارالحکومت میں پشاور موڑ کے قریب واقع ایچ نائن ہفتہ وار بازار کے پنڈال میں سستے کپڑے کے اسٹالوں کو پر اسرار طور پر آگ لگ گئی جس پر کئی گھنٹے بعد قابو پایا جاسکا، آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل آسمان کو چھوتے رہے۔ ریسکیوترجمان کے مطابق آتشزدگی میں 3سو سے زائد دکانوں کو نقصان پہنچا ہے، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اتوار ،منگل اور جمعہ کو لگنے والے بازار کو جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سستے بازار میں بدھ کی شام ویلڈنگ کا کام ہو رہا تھا،خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ویلڈنگ کے شعلوں نے آتشزدگی کی شکل اختیار کر لی ،ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کیلئے ریسکیو 1122راولپنڈی سے بھی مدد طلب کی گئی۔ریسکیو راولپنڈی اور مسلح افواج کی ریسکیو ٹیموں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہی حاصل کرتے رہے ،انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے آگ لگنے کے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے سے بازار کا بیس فیصد حصہ متاثر ہوا، جمعہ والے دن بازار روٹین میں کھلے گا۔
اسلام آباد سے مزید