• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، احسان الحق باجوہ

راچڈیل (ہارون مرزا) صدر مسلم لیگ ن گلف اور بہاولنگر سے رکن قومی اسمبلی احسان الحق باجوہ نے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افیئرز مسلم لیگ ن بیرسٹر امجد ملک سےملاقات کی۔ ملاقات میں گلف میں مقیم تارکین وطن کیلئے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا احاطہ کیا اور جائزہ لیا گیا ۔ احسان الحق باجوہ نے سینیٹر اسحاق ڈار، چیف کوآرڈینیٹرانٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک اور اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب ، کویت ،بحرین اور اومان میں مسلم لیگ ن کی جانب سے کی جانے والی تنظیم نو کو سراہا ،دونوں شخصیات نے اتفاق کیا کہ تارکین وطن کیلئےاقدامات کی ضرورت ہے۔ پارلیمان میں سیٹیں ، زمینوں پر قبضہ کے خاتمے کیلئے عدالتیں ، کمپییوٹرائزڈ لینڈ رجسٹریشن اور اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن اور اوورسیز پاکستانیزکمیشن میں مزید تبدیلیاں وقت کی ضرورت ہیں۔ او پی ایف میں ایڈوائزری کونسل کے زریعےتھنک ٹینک تشکیل دیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کی ہے اب بھی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز بیرون ممالک پاکستان کے سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا اب جب کہ گورنمنٹ افسران نے سیاست میں دخل اندازی سے معذرت کرلی ہے توگورنرزکے زریعے یونیورسٹی وائس چانسلرز اور اساتذہ کو بھی چاہئے کہ اپنے کام پر دھیان دیں،سیاست سے پرہیز کریں تاکہ طالب علم مزید تقسیم سے بچ سکیں۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اہم تعیناتیوں کے بعد ادارے کو خود ہی غور و غوض کرنے کا موقع دینا چاہئے کیونکہ یہ وقت مائینڈ سیٹ کی تبدیلی اور اندر جھانکنےکا ہے ۔پاکستان اصل تبدیلی کی طرف گامزن ہے،سیاسی و عسکری قیادت فیصلے کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ ملاقات کے موقع پر آئرلینڈ سے آئے مہمان ساجدرسول اور مانچسٹر کے حامد خان المشرقی بھی موجود تھے۔
یورپ سے سے مزید