• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی نے گھڑی اور پین کی فروخت سے انکار نہیں کیا، مصدق ملک

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ معیشت کیلئے مشکل وقت ہے لیکن ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ نہیں ہے، کسی نے گھڑی اور پین کی فروخت سے انکار نہیں کیا امپورٹس بہت زیادہ ہیں اتنا زرمبادلہ نہیں کہ ادائیگی کرسکیں ،روس پاکستان کو خام تیل، ڈیزل اور پٹرول بیچے گا، جنوری کے دوسرے ہفتے میں روسی وزیر پاکستان آئیں گے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں جی ڈی اے کی رہنما سائرہ بانو اور ماہر معاشیات ڈاکٹر محمد زبیربھی شریک تھے۔سائرہ بانو نے کہا کہ معاشی حالات کے باعث نئے الیکشن ممکن نہیں ہیں، مردم شماری نہیں ہوئی حلقہ بندیاں نہیں ہوئیں الیکشن کیسے ہوں گے، ملک میں فنانشل ایمرجنسی ڈکلیئر اور ٹیکنوکریٹس کی حکومت ہونی چاہئے، وزراء اور اسپیشل ایڈوائزر کی فوج ہے چند لوگ ہی وزارت سے رہ گئے ہیں، لگتا ہے اب وزیر کھیل اور وزیر کودکر کے وزارتیں دیں گے۔ڈاکٹر محمد زبیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال دیکھیں پاکستان کا ڈیفالٹ ہوچکا ہے، اقتصادی مسائل کا حل معاشی پالیسی اور اچھی معاشی ٹیم میں ہے،ملک دیوالیہ ہونے جارہا ہے مگر حکومتی اخراجات میں کمی نہیں آرہی، ڈیزل کی قیمت کم ہونے سے معیشت کو بہت فائدہ ہوسکتا ہے۔میزبان حامد میر نے بتایا کہ ارشد شریف کیس میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بتاتی ہے کہ کینیا میں ارشد شریف کے سامان سے ملنے والی ایک یوایس بی میں موجود مواد کے مطابق ارشد شریف زلفی بخاری اور ان کے اثاثوں کے بارے میں تحقیقات کررہے تھے، ارشد شریف جب پاکستان میں تھے تب بھی انہوں نے زلفی بخاری کے بارے میں بہت سے پروگرام کیے تھے۔وزیرمملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ گھڑی کے افسانے میں بڑی بات سامنے آچکی ہے ، کسی نے گھڑی اور پین کی فروخت سے انکار نہیں کیا،کروڑوں روپے کی گھڑی دو چار کروڑ میں بیچ دی یہ کہانی بھی سامنے آگئی ہے، شفیق نامی وہ شخص بھی سامنے آگیا ہے جسے پی ٹی آئی گھڑی بیچنے کا دعویٰ کرتی ہے، زلفی بخاری اور بشریٰ بی بی کی ویڈیو اصلی ہے یا جعلی اصل کہانی نہیں بدلے گی۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ معیشت کیلئے مشکل وقت ہے لیکن ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ نہیں ہے، امپورٹس بہت زیادہ ہیں اتنا زرمبادلہ نہیں کہ ادائیگی کرسکیں اس لیے سختی کی گئی ہے، بین الاقوامی سطح پر مہنگائی ہونے کی وجہ سے دیگر ممالک کے آرڈرز میں بھی کمی آئی ہے، پاکستان میں مہنگائی کی بڑھتی شرح میں کسی حد تک تیل کی بڑھتی قیمتوں کا ہاتھ ہے۔
اہم خبریں سے مزید