پشاور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں کو نوپارکنگʼ سیٹ بیلٹ ʼ ہیلمٹ ʼ ون وے ʼ ڈرائیونگ لائسنس کی موجودگی یقینی بنانے سے متعلق آگاہی دی اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے باقاعدہ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے اور انہیں ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ ان کا سفر محفوظ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ون وے کی خلاف ورزی کرنے سے گریز کریں تاکہ شہر میں رش نہ بنے اور کسی قسم کا ٹریفک حادثہ رونما نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے جس کا استعمال دوران سفر انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ تیز رفتاری سے گریز کر کے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دیں تاکہ شہری ٹریفک قوانین سے آگاہ ہوں اور وہ محفوظ طریقے سے سفر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مرتکب افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔