لاہور ( ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے ایک بار پھر عمران خان کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔جمعرات کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ‘پرویز الٰہی ‘مونس الٰہی اورایم این اے حسین الٰہی کے درمیان وزیر اعلی آفس میں ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں معیشت کی خراب صورتحال پر گہری تشویش کا اظہاراور وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں پر کڑی تنقید کی گئی۔پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق پر مسلط نااہل ٹولہ صرف اپنی سیاست بچانے میں لگا ہوا ہے‘ آج ریاست بچانے کا سوال سب سے پہلے ہے اور موجودہ حالات میں سب کو پاکستان کیلئے سوچنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ ہیں اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ عمران خان کی امانت ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستانی بن کر صرف پاکستان کا ہی سوچنا ہے۔ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، صورتحال کے تحت فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔ پاک وطن ہم سے اتحاد، یگانگت اور سیاسی رواداری کا تقاضا کر رہا ہے۔ معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور اللہ تعالیٰ سے پوری امید ہے کہ پاکستان کیلئے بہتر راستہ نکل آئے گا۔