اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہبازشریف نےکہا ہے کہ قائد اعظم ؒ محمد علی جناح کے اصول ایمان ،اتحاد اور تنظیم قوم کیلئے مشعل راہ ہیں، قائد نے قوت ارادی، سوچ اور جدوجہد کے ذریعے تاریخ کا دھاوا بدل دیا، میراعزم ہے کہ اپنے لوگوں کی بھلائی کیلئے کام کرتے رہیں گے۔وفاقی وزراء احسن اقبال اور امین الحق نے کہا قائد کا تصور پاکستان مضبوط معیشت کے ذریعہ پورا ہو گا۔
اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہاکہ ہم قائد اعظم کے نظریے پر عمل کر کےتمام مشکلات کو شکست دے سکتے ہیں، اصولوں کی پاسداری قائداعظم کی زندگی کا خاصا رہا،ہم بحیثیت قوم قائد کے نظریات پر عمل کرنےمیں ناکام رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اتحاد کے فقدان سے بڑھ کر کوئی چیزقوم کو کمزور نہیں کرسکتی ۔
ادھروفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے یوم قائد کے موقع پر اپنے پیغام کہا ہے کہ قائداعظم کے اصول اتحاد ، یقین محکم ، تنظیم ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،قائد کا تصور پاکستان مضبوط معیشت کے ذریعہ پورا ہو گا۔