کرکٹر عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر نے والد کی وفات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے تعزیت کیلئے بلانے پر ملاقات سے انکار کر دیا۔
ایک ویڈیو پیغام میں سلمان قادر نے کہا کہ عمران خان نے ان کے والد کی تعزیت اور فاتحہ کیلئے پیغام بھیجا تھا۔
سلمان قادر نے کہا کہ ان کے والد کے انتقال کو تین سال ہو چکے ہیں اور عمران خان آج تک ان کے گھر افسوس کرنے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ جن کے گھر انتقال ہوا ہوتا ہے اصولاً ان کے گھر جا کر تعزیت کی جاتی ہے، تو مناسب نہیں لگا ہمیں کہ اپنے والد کی فاتحہ کیلئے زمان پارک یا پھر کہیں اور جایا جائے اسی وجہ سے ہم نے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر عبدالقادر 6 ستمبر 2019 کو لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔