لاہور(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے جام پور کو ضلع کا درجہ دینے کااعلان کیاہے،انہوں نے کہا داجل اور محمد پور تحصیلیں بنائی جائینگی،جام پور میں یونیورسٹی بنانا ہماری پہلی ترجیح ہوگی، اوورسیز پاکستانیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سہولتیں فراہم کرینگے ۔ اعلیٰ سطح اجلاس کی زیر صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا جام پو رکے عوام کے دیرینہ مطالبے پر ضلع بنانے کافیصلہ کیا ہے، جام پورکو پنجاب کا بہترین ضلع بناؤں گا، یہ میرا عزم ہے، ضلع بننے سے جام پو رکے علاقوں میں ترقی ہوگی اور عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے،ملازمتوں کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے، جام پور میں یونیورسٹی بننے سے طلبہ خاص طو رپر طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسرآئیں گے،انہوں نے کہا جام پور میرے لئے گجرات کی طرح ہے، دل وجان سے ترقی چاہتاہوں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر راجہ بشارت، رکن قومی اسمبلی سردار نصر اللہ خان دریشک، صوبائی وزیر سردار محسن خان لغاری، ایم پی اے فاروق امان اللہ دریشک، سردار اویس دریشک،چودھری ظہیر الدین ودیگر نے شرکت کی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) اسد اللہ خان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،قائمقام سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نوید شیرازی، ڈی سی راجن پور اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔