اکھنڈ بھارت کے حامی کہلائے جانے والے نریندر مودی کی حکومت میں انتہا پسندوں کوکھلی چھوٹ مل گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بجرنگ دل، ویشوا ہندو پریشد کےانتہا پسندوں نے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کےخلاف احتجاج کیا۔
اس کے علاوہ احمد آباد کے شاپنگ مال میں انتہا پسندوں نے فلم ’پٹھان‘ کے پوسٹرز پھاڑ دیے اور نعرے لگائے۔
انتہا پسندوں کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کی گجرات میں اسکریننگ نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ جب سے فلم ’پٹھان‘ کا پہلا گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز ہوا ہے، مودی کے ہندوتوا بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے اس فلم پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ہوم منسٹر نروتم مشرا نے فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان جو لباس پہنے نظر آئے ان کے رنگوں پر برہمی کا اظہار کیا اور اسے صحیح کرنے کا مطالبہ کیا۔
جس کے بعد بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں فلم ’پٹھان‘ کے خلاف شدید مظاہرے ہوئے، ایک انتہا پسند ’ویر شیواجی گروپ‘ کے کارکنان نے سڑک کے ایک چوراہے پر جمع ہوکر اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار شاہ رخ خان کے پتلے نذر آتش کیے۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بھارتی میڈیا پر یہ خبر بھی سامنے آئی کہ ملک میں موجود انتہا پسندوں نے اداکارکو زندہ جلانے کی دھمکی دی ہے۔