• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم’پٹھان‘ کے گانے پر تنقید بھارتی ہدایتکار کو مہنگی پڑگئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

بھارتی ہدایتکار وویک اگنی ہوتری کو فلم ’پٹھان‘ کے گانے پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا۔

 وویک اگنی ہوتری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ویڈیو بالی ووڈ کے خلاف ہے، اگر آپ سیکیولر ہیں تو اس ویڈیو کو مت دیکھیں‘۔

اس ویڈیو میں فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے لباس اور گانے کے بول پر تنقید کی گئی ہے۔

وویک اگنی ہوتری کو فلم ’پٹھان‘ کے گانے پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا اور صارفین نے اُنہیں اس ٹوئٹ پر ان کی اپنی بنائی ہوئی ایسی فلموں کی یاد دلادی جن میں بہت زیادہ بولڈ مناظر فلمائے گئے اور اداکاراؤں کو نیم برہنہ دِکھایا گیا۔

کچھ صارفین نے تو اس ٹوئٹ پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے ہدایتکار کی بیٹی کی زعفرانی بکنی پہنے تصاویر شیئر کردیں۔

یہاں تک کہ شاہ رخ خان کے مداح تو اگنی ہوتری کو اپنے پسندیدہ اداکار کی فلم کے گانے پر تنقید کرنے پر قتل کرنے کی دھمکیاں دیتے نظر آرہے ہیں۔

بھارتی ہدایتکار نے صارفین کی جانب سے موصول ہونے والے اس شدید ردِعمل پر اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ بادشاہ نے صحیح کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر بہت منفی چیزیں ہیں لیکن ہم سب مثبت سوچ رکھنے والے لوگ ہیں۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ پر مودی کے ہندوتوا بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ہوم منسٹر نروتم مشرا نے فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان جو لباس پہنے نظر آئے ان کے رنگوں پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اسے صحیح کرنے کا مطالبہ کیا۔


جس کے بعد بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں فلم ’پٹھان‘ کے خلاف شدید مظاہرے ہوئے، ایک انتہا پسند ’ویر شیواجی گروپ‘ کے کارکنان نے سڑک کے ایک چوراہے پر جمع ہوکر اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار شاہ رخ خان کے پتلے نذر آتش کیے۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بھارتی میڈیا پر یہ خبر بھی سامنے آئی کہ ملک میں موجود انتہا پسندوں نے اداکارکو زندہ جلانے کی دھمکی دی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید