لاہور(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی نے آٹے ،مرغی کا گوشت اور تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے اور عدم دستیابی کے خلاف منصورہ ملتان روڈ پراحتجاج کیا۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے قیادت کی ۔احتجاج میں میاں ذکراللہ مجاہد، عبدالعزیز عابد، صدر ، حافظ ذوالنون ، صاحبزادہ فصیل اللہ، عامر نثار خان ، چوہدری عبدالقیوم گجر نے بھی خطاب کیا۔غلام حسین بلوچ، صہیب شریف، راشد دادود، چوہدری عبدالواحد، رانا اصغر، خواجہ وسیم سمیت بڑی تعداد میں کارکنان، ورکرز اور شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اورحکومت وانتظامیہ سے آٹا، چکن کی دستیابی اور ریلیف کا مطالبہ کیا ، ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی و بے روزگاری کی وجہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیاں اور سودی معیشت ہے۔ شہر میں سستے آٹے کی فروخت کے سینکڑوں سیلز پوائنٹ ضلعی انتظامیہ کا جھوٹ ۔ ایک ہفتے میں23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ معیشت کا ستیاناس ہو گیا، فی کلو آٹا 150روپے کا، 20کلو کا تھیلا 3 ہزار میں دستیاب ہے۔