• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی وزیراعلیٰ نہیں وہ غلط طور پر مسلط ہیں، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی پنجاب کے وزیراعلیٰ نہیں، وہ غلط طور پر مسلط ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے پر بضد ہیں جبکہ پرویز الہٰی اس سے گریزاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ لوگ پنجاب اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت نہ دکھا سکے، ہمارے پاس آج بھی ارکان پورے تھے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ کل یہ اجلاس بلاکر دوبارہ کوشش کریں گے، پرویز الہٰی غلط طور پر پنجاب پر مسلط ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اعتماد کے ووٹ کے اجلاس کی صدارت پینل آف چیئرمین کا نیوٹرل بندہ کرے یا عدالت کسی کو مقرر کرے۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ اعتماد کے ووٹ کے اجلاس کی صدارت اسپیکر کریں یہ قبول نہیں، پارلیمان کی وقعت اپنی جگہ لیکن ایک جماعت کو ملکی سیاست پر مسلط کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی اعتماد کا ووٹ لینے کے بجائے مستعفی ہوں یا رن آف الیکشن کی طرف جائیں، ن لیگ کا رہنما حمزہ شہباز ہی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا امیدوار ہوگا۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایسی حکومت کی طرف سے بلایا گیا جس کے پاس اکثریت نہیں، اگر ان کے پاس اکثریت ہوتی تو یہ ایوان میں دکھا دیتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس 186 کا مطلوبہ نمبر نہیں، یہ کوشش کرتے رہے ان کا نمبر پورا ہوجائے، جب یہ نمبر پورا نہیں کرسکے تو اجلاس کو کل تک ملتوی کردیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کل یہ اجلاس بلا کر دوبارہ داؤ لگانے کی کوشش کریں گے مگر ان کا داؤ نہیں لگے گا، میرا پرویز الہٰی سے مطالبہ ہے کہ ان کے پاس اکثریت نہیں تو وہ مستعفی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً اسٹیبلشمنٹ اس وقت کسی کی حمایت نہیں کررہی، عمران خان کی رائے میں اسٹیبلشمنٹ اس وقت نیوٹرل ہوگی جب وہ ان کی حمایت کرے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ عمران خان تمام سیاسی جماعتوں اور قوم سے لڑرہا ہے، یہ آدمی فتنہ ہے، قوم نے ووٹ سے اس کا علاج نہ کیا تو ملک کو کسی حادثہ سے دوچار کردے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرآباد کیس میں ملزم نوید ہی اصل ملزم ہے، اس کے آگے پیچھے کوئی نہیں، احسن اقبال پر بھی جس شخص نے حملہ کیا تھا وہ بھی جنونی تھا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ یہ جےآئی ٹی کی جو رپورٹیں بناکر پیش کررہے ہیں وہ جعلی ہیں، فواد چوہدری ایک بہتر سیاسی سوچ رکھتے ہیں مگر ان کی سنتا کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی نے 3 ماہ میں صوبے کے ساتھ جو کیا ہے، اس کا کسی فورم پر جواب نہیں دے سکتے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عدالت کی جانب سے پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائے، ہائیکورٹ کا احترام ہے لیکن آئین اور قانون کو ہر کوئی سمجھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جماعت اور ایک شخص اس ملک کی سیاست پر مسلط کردیا گیا ہے، وہ شخص ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی کوشش اور پروپیگنڈا کررہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک آدمی ملک کی سیاست اور سروسز کو نقصان پہنچانے پر تلا ہوا ہے، وہ شخص7 ماہ سے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے پر لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ شخص ہروقت کچھ نہ کچھ ایسا کررہا ہوتا کہ ملک سیاسی طور پر عدم استحکام کا شکار رہے، اگر ملک ایسا رہتا ہے تو معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اس کا مقصد اسمبلیاں توڑنا نہیں، اس کا مقصد ہے پاکستان عدم استحکام کا شکار رہے، ہم اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اپنی والدہ کے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک گئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید