کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مجھے پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی کی راہیں جدا ہوتی نظر آرہی ہیں.
عمران خان کو گمراہ نہ کریں ان کے اردگرد جو سانپ ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو نا اہل کروا کر وزیراعظم بن جائیں گے ایسا نہیں ہوگا،صدر، اسلام آبادہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ،شعیب شاہین نے کہا کہ مجھے عمران خان کی نا اہلی نظر نہیں آرہی اگراسٹیبلشمنٹ غیر سیاسی نہ رہی اور انہوں نے قسم اٹھا لی کہ ہم نے ہر حال میں ان کو نا اہل کرانا ہے تو صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے۔ حالات و واقعات ایسے پیدا کردیئے جاتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر، فیصل واوڈا نے کہا کہ پاکستان کسی صورت میں بھی ڈیفالٹ نہیں ہونے والاپہلے چانسز تھے مگر اب نہیں ہیں۔اس میں کریڈٹ فوج کو جاتا ہے جب بھی بحران آیا ہے تو فوج ہی پیسہ لائی ہے۔ اس بار بھی پاکستان کو بچانے کیے لئے فوج ہی پیسہ لاکر دے رہی ہے۔
اگر سمجھداری سے سیاست ہوئی تو اکتوبر میں الیکشن ہوجائے گاورنہ مجھے تو چھ مہینے سال آگے ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔آئین میں اس کی اجازت بھی ہے معاشی ایمرجنسی کے اوپر آپ چھ مہینے آگے جاسکتے ہیں ۔شہباز شریف کی16 ارب روپے کی چوری کا ماتم ہم نے اور ڈھول پورے سال پیٹا۔16 ارب کی چوری تھی لیکن احتساب کے اداروں کی ناکامی رہی اور وہ بری ہوگئے۔
لاہور میں 3ہزارارب کی چوری ہورہی ہے اورتقریباً ہوگئی ہے گرین بیلٹ کو براؤن بیلٹ کیا گیا ہے۔اس پروجیکٹ کا بزدار دورمیں آغاز ہوا تھامیں حیران ہوں کہ عمران خان کو اس کی کیا بریفنگ دی گئی ہے ۔ کیا اس کے پیچھے مقاصد ہیں مجھے لگتا ہے کہ عمران خان اس پر ضرور ایکشن لیں گے۔اس منصوبے کی منظوری پی ٹی آئی کے اسی دور حکومت میں ہوئی ہے۔