اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری اور عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے 9 ارب ڈالر سے زائد رقم دینے کا وعدہ کیا ہے، توقع ہے کہ اب اس عمل میں تیزی لائی جائے گی۔ منگل کو ٹویٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے جنیوا میں پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کو پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا کیونکہ اس میں توقعات سے زیادہ وعدے کئے گئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مالی معاونت سے وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی مرمت، زراعت کی بہتری اور غربت کے خاتمے کے لئے کام شروع کرسکیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 9 ارب ڈالر سے زائد کے وعدے کرنے پر تمام ممالک اور اداروں کے شکر گزار ہیں۔