لاہور ( آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے شہر کے ماسٹر پلان 2050ءپر تاحکم ثانی عملدرآمد روکنے کا عبوری تحریری فیصلہ جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے 2صفحات پر مشتمل عبوری تحریری فیصلہ جاری کیا۔تحریری فیصلے میں عدالت نے لاہور کے ماسٹر پلان 2050ءپر 25جنوری تک عمل درآمد روک دیا۔عدالت نے حکومت پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈی جی ایل ڈی اے اور روڈا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست میں ماحولیات اور مستقبل کی شہری منصوبہ بندی کے اہم سوالات اٹھائے گئے۔درخواست میں کہاگیا کہ لاہور کے ماسٹر پلان کی منظوری سے پہلے مقامی حکومت سے منظوری نہیں لی گئی ،ماسٹر پلان قوانین سے متصادم بنایاگیا،زرعی زمین کے حصول کےلئے ماحولیات کو مدنظر نہیں رکھا گیالہٰذا ماسٹر پلان کو کالعدم قرار دیاجائے۔یہ درخواست مقامی شہری میاں عبدالرحمان نے اپنے وکیل شہزاد شوکت کے توسط سے دائرکی ہے ۔