لاہور(خصوصی رپورٹر) عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بجلی کا طویل ترین بلیک آؤٹ بے حسی کی انتہا ہے۔ نااہلوں نے پورا ملک اندھیرے میں ڈبو دیا ، معیشت کا پہیہ جام کر دیا۔انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سےنوٹس لینے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مریض تڑپتے رہے اور کوئی متبادل انتظام نہیں کیا گیا۔ انٹرنیٹ معطل باہمی رابطے ختم ہو گئے۔پاکستان عملاً زمانہ غار کی تصویر پیش کرتا رہا مگر حکومت اور اس کے اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔طویل ترین بلیک آؤٹ کے دوران وزیر اعظم کو اتنی توفیق نہ ہوئی کہ وہ اس کی وجوہات بیان کر سکیں یا متاثرہ عوام کو تسلی دے سکیں؟ حکمرانوں کو بلیک آؤٹ کی وجہ سے کوئی فرق نہیں پڑا کیونکہ ان کے ایوان اور رہائش گاہیں سرکاری پٹرول اور جنریٹروں کے ذریعے روشن رہیں۔