• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زارا علینا قتل، پروبیشن سروس کی غلطی کی نشاندہی، سیکرٹری انصاف کا تحقیقات کا حکم

لندن (سعید نیازی) زاراعلینا قتل کیس میں پرو بیشن سروس کی غلطی کی نشاندہی ہوئی ۔قاتل کو واردات سے 9 روزقبل لائسنس پر جیل سے رہائی ملی،کئی بار پیشی پر نہ آنے پربھی جیل واپس نہیں بلایا گیا۔ سیکرٹری انصاف نے معاملے کی تحقیقات کاحکم دیاتھا۔گذشتہ برس26جون کو مشرقی لندن کے علاقے الفرڈ میں35سالہ زارا علینا کے قتل کے حوالے سے پروبیشن سروس کی غلطی سامنے آئی ہے۔ چیف انسپکٹر آف پروبیشن جسٹن رسل کی رپورٹ کے مطابق زارا علینا کے قتل سے9روز قبل29سالہ جارڈن میکویسنی کو غلطی سے جیل سے انتہائی کی بجائے درمیانے درجہ کا خطرہ تصور کرتے ہوئے لائسنس پر رہا کیا گیا اور رہائی کے بعد پروبیشن کی ایک سے زائد اپوائمنٹ پر حاضر نہ ہونے کے باوجود اسے جیل طلب نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل17برس میں69جرائم میں ملوث جارڈن کو28جرائم میں سزا سنائی گئی۔ اس کے جرائم میں چوریاں، عام افراد، خواتین اور پولیس افسران پر حملے بھی شامل تھے۔ گذشتہ ماہ عدالت نے جارڈن کو زارا علینا کے قتل کے جرم میں کم از کم38برس کے لیے جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا تھا۔ جسٹس سیکرٹری ڈومینک راب نے پروبیشن سروس کے جارڈن کے کیس سے نمٹنے کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ میئر لندن صادق خان نے کہا کہ رپورٹ سے واضح ہے کہ جارڈن کو بے گناہ خواتین کی جان لینے کے لیے آزاد نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ پروبیشن سروس اس معاملے میں ناکام رہی ہے۔ 13برس کی اشتہا انگیز حکومتی پالیسیوں کے سبب مسائل سامنے آرہے ہیں۔ جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اینڈ وائلنس اگیسنٹ ویمن کولیثرن کی ڈائریکٹر اینڈریا سائمن نے کہا ہے کہ حکومت کی کئی دہائیوں سے بچت کی پالیسیوں کے سبب نظام انصاف کو خواتین کو تحفظ دینے کے لیے جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے اور جس کی قیمت عورتوں کو ادا کرنا پڑ رہی ہے۔

یورپ سے سے مزید