• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بااختیار بلدیاتی نظام، درخواستوں پر اٹارنی جنرل کو جواب جمع کرانیکی ہدایت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی نظام کو سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق بااختیار بنانے سے متعلق درخواستوں پر اٹارنی جنرل آفس کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ درخواستیں ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن کی جانب سے دائر کی گئیں تھیں۔ جسٹس نعمت پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بلدیاتی نظام کو سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق بااختیار بنانے سے متعلق جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم پاکستان کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات کو طلب کیا تھا کہاں ہیں وہ ؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے ریمارکس دیئے کہ نہیں معلوم کہ وہ کیوں نہیں آئے۔ اب تو الیکشن بھی ہوچکے۔ ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا الیکشن سے ان درخواستوں کا کوئی تعلق نہیں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ اٹارنی جنرل دفتر کو جواب کے لیے کہا گیا تھا۔ وفاقی حکومت کے نمائندے نے بتایا کہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل یاسر شاہ کی طبعیت ناساز ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید