اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کےقومی سلامتی کے اداروں کی بڑی کامیابی، انڈیا کے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بے نقاب کردیا، بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مبینہ در اندازی کا ڈرامہ تیار کیا گیا، فالس فلیگ آپریشن لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں پلان کیا گیا ہے، پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے بھارتی منصوبے کے تین اہم کرداروں کا بھی پتہ چلا لیا انڈیا کی 93انفینٹری بریگیڈ کا ایجنٹ بشیر اور دو ساتھی عالم اور اسلم فالس فلیگ آپریشن کے مرکزی کردار ہیں۔ باوثوق سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مودی سرکار کے نئے ڈرامے کا پورا اسکرپٹ حاصل کر لیا۔ بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مبینہ در اندازی کا ڈرامہ تیار کیا گیا ہے۔منصوبے کے تحت بشیر نے کچھ مقامی افراد کو استعمال کر کے جشکوال، آزاد کشمیر سائیڈ سے بم یا آئی ڈیز نصب کر کے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کرنی ہے۔کسی مسجد کے قریب اس کارروائی کو ناکام کرتے ہوئے دکھایا جائے گا۔منصوبے کے تحت بھارتی فوج اور پولیس جعلی برآمدگی بھی ظاہر کرے گی۔ڈی ایس پی پریشنا نے اس فالس فلیگ آپریشن کو سپروائز کرنا ہے۔منصوبے میں 93 بریگیڈ کی ڈوگرا رجمنٹ کے دستوں کو گھات لگا کر جعلی ریکوری دکھانا ہے۔فالس فلیگ آپریشن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں در اندازی کا الزام عائد کرکے دنیا میں پراپیگنڈہ کرنا ہے۔پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے سارا منصوبے پیشگی بے نقاب کر کے مودی سرکار کو بڑی زچ پہنچا دی۔