• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی نے مکی آرتھر سے تنخواہ، شیڈول، اسٹاف کے نام مانگ لئے، معاہدہ انگلش سیزن سے قبل ہونے کا امکان

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کےکنسلٹنٹ مکی آرتھر 48 گھنٹے میں پی سی بی کو اپنے معاہدے کی تفصیلات اور کوچنگ اسٹاف سے آگاہ کریں گے۔ اسسٹنٹ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور دیگر کوچنگ اسٹاف کے بارے میں بھی پی سی بی کوبتائیں گے۔ پاکستان ٹیم میں ہیڈ کوچ کے علاوہ ٹیم منیجر کا عہدہ بھی ختم کردیا جائے گا۔ تین سال سے کامیابی سے منیجر کی ذمے داریاں نبھانے والے منصور رانا کو تبدیل کرنے کی تجویز ہے۔منصور رانا کے دور میں پاکستان ٹیم میں کوئی تنازع نہیں ہوا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نے پی سی بی کو بتایا ہے کہ وہ ستمبر میں ایشیا کپ اور بھارت میں ہونے والے پچاس اوورز کے ورلڈ کپ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ البتہ پی سی بی نے ان کا شیڈول، کوچز کے نام ، تنخواہیں اور دیگر تفصیلات کو تحریری طور پر مانگا ہے۔ انگلش سیزن شروع ہونے سے قبل وہ معاہدے پر دستخط کرنے لاہور آسکتے ہیں۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم منیجر کا عہدہ ختم کرکے چیف آف اسٹاف کا عہدہ متعارف کرایا جائے گا۔ ٹیم انتظامیہ میں غیر ملکی اور مقامی کوچز کام کریں گے۔ موجودہ ٹیم انتظامیہ سے شاہد اسلم کے علاوہ دیگرکو جگہ برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گی۔ ثقلین مشتاق اور شان ٹیٹ کے معاہدے ختم ہوچکے ہیں۔ بیٹنگ کوچ محمد یوسف دوبارہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں ذمے داریاں نبھارہے ہیں۔فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کو بھی فارغ کردیا جائے گا۔ دوسری جانب69 سالہ چیف سلیکٹر ہارون رشید، سلیکشن کمیٹی میں ایسے سابق کھلاڑیوں کو لانا چاہتے ہیں جو زیادہ عمر رسیدہ نہ ہوں اور مارڈن ڈے کرکٹ میں نامی گرامی ہوں۔ اس سلسلے میں بھی مشاورت جاری ہے۔

اسپورٹس سے مزید