لاہور(نمائندہ خصوصی)چودھری پرویز االٰہی کی رہائش گاہ چودھری ظہور الٰہی ہاؤس کنجاہ گجرات میں پولیس کے گھیراؤ اور پولیس گردی ،ملازمین کو ہراساں کرنے کے خلاف مسلم لیگ ق پنجاب نے مسلم لیگ ہاؤس سے پریس کلب لاہور تک احتجاجی ریلی نکالی جس میں خدیجہ عمر فاروقی سابق ایم پی اے، شاہد وکی گجر ، شیخ عمر ، ماجدہ زیدی،کنول نسیم،سجاد بلوچ،انجینئر شہزاد الہٰی،زیبا ناز ،نزہت ہمدانی ،صائمہ گل،میاں کامران سیف،رضیہ سلطانہ ،اسلم گل ،مناظر حسین گیلانی ،عارف کھوکھرو کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔احتجاجی ریلی میں کارکنوں نے احتجاجی بینرز اور کتبے لہرا رہے تھے ۔مسلم لیگی عہدیداروں و کارکنوں نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی نے اپنے دونوں وزارت اعلیٰ کے اقتدار کے دوران مخالفین کے خلاف بردباری اور درگذر کا معاملہ اختیار کیا ۔نگران حکومت جو بوئے گی وہی کاٹے گی اس لیے اوچھی حرکتوں سے اجتناب برتا جائے ۔