• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی مفادات کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، شکیلہ نوید

کوئٹہ (پ ر ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی خواتین سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ بلوچ قوم اورصوبے کے اجتماعی قومی مفادات ہمیں تمام تر چیزوں سے عزیز ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے اور نہ اصولوں پر سودہ بازی کرینگے۔ پارٹی کے کارکنوں نے مشکل اور نامساعد حالات میں جس انداز میں بلوچ قوم اور بلوچستان کے حقوق کیلئے سیاسی اور جمہوری انداز میں آواز بلند کرکے ناقابل فراموش قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے وہ ایک کھلی کتاب کی مانند ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستانی عوام اورپارٹی کارکنوں نے جس امید توقعات تائید اور حمایت کے ذریعے پارٹی کو کامیابی دلائی اُس اعتماد کو کسی بھی صورت میں ٹھیس نہیں پہنچائینگے ۔آج بلوچستان اور بلوچ قوم جن سنگین مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں اسے نکالنے کیلئے پارٹی کے کارکنوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے کہ وہ صوبے اور یہاں کے عوام کو تمام تر بحرانی حالات سے نکالنے میں اپنا بھر پور سیاسی کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکز ی کونسلران میر زعفران خان مینگل ، ادریس پرکانی ،اسد سفیر شاہوانی ،حمید بادینی، ڈاکٹر صفی پرکانی ، کامریڈ یونس بلوچ ،فضل پرکانی ،سبز علی مری ،شبیر مینگل ،نیاز محمدحسنی ودیگر موجود تھے۔
کوئٹہ سے مزید