• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹروں اور نجی طبی اداروں پر نافذ نئے ٹیکس نظام کو مسترد کرتے ہیں،PMA

 کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پی ایم اے بلوچستان نے ایف بی آر اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ٹیکسز کو مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور نجی طبی اداروں پر نافذ کئے گئے نئے ٹیکس نظام کے خلاف پی ایم اے مرکز کی 30 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال اور طبی مراکز کی بندش کی کال کی بھرپور اور مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ترجمان پی ایم اے بلوچستان نے اپنے بیان میں کہاہےکہ صحت ایک بنیادی عوامی خدمت ہے، کوئی تجارتی کاروبار نہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے طبی خدمات کو ریٹیل تجارت کے زمرے میں شامل کرنا، نجی ہسپتالوں پر پوائنٹ آف سیل (POS) نظام زبردستی مسلط کرنا، بھاری جرمانے عائد کرنا اور طبی اداروں پر چھاپے مارنا ناقابلِ قبول ہے۔ ڈاکٹروں اور نجی طبی مراکز کو لاکھوں روپے جرمانے کے نوٹس جاری کرنا کھلی ہراسانی ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔بیان میں مطالبہ کیاگیاہےکہ وفاقی حکومت اور ایف بی آر فوری طور پر POS کی شرط واپس لیں، جاری کردہ جرمانے منسوخ کریں اور طبی اداروں پر چھاپوں اور ہراسانی کا سلسلہ بند کریں۔ ساتھ ہی صوبائی حکومت اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی نجی ڈاکٹروں اور کلینکس پر عائد ٹیکس فوری طور پر واپس لیں۔ کوئی بھی پالیسی بنانے سے قبل طبی برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر یہ ظالمانہ اقدامات واپس نہ لیے گئے تو پی ایم اے مرکز کی ہدایت پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
کوئٹہ سے مزید