• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر گورنرز، وزرائے اعلیٰ، وزراء، سیاسی رہنماؤں کے پیغامات

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے موقع پر مختلف صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزاراء اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔

کشمیر ہماری شہ رگ ہے: سراج الحق

یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔

دنیا کشمیریوں سے کیا وعدہ پورا کرے: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ اپنی مکمل وابستگی اور حمایت کا عزم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کا عزمِ آزادی متزلزل نہیں ہوا، دنیا کشمیریوں سے کیا گیا استصوابِ رائے کا وعدہ پورا کرے۔

آج کا کرکٹ میچ کشمیری بھائیوں کے نام: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہائیوں بعد کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، آج کا کر کٹ میچ اپنے بہادر کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔

سب پاکستانی آج صرف کشمیر کی بات کریں: ناصر حسین شاہ

وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے دشمن ملک سرگرم ہیں۔

ان کا کہنا  ہے کہ ملک دشمن ایجنڈے پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتے۔

ناصر حسین شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سب پاکستانی آج کشمیر کی بات کریں، ہماری فورسز دہشت گردی کا منہ توڑجواب دے رہی ہیں۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ KPK کا کشمیریوں کی حمایت کا اعادہ

نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمد اعظم نے یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے موقع پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ کشمیری عوام 7 دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں، ریاستی جبر و تشدد سے آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا، کشمیری عوام نے بنیادی حق کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

محمد اعظم خان نے یہ بھی کہا ہے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل سے وابستہ ہے، اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر کو اپنی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے، آزادی کے حصول تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

وزیرِ اعلی ہاؤس خیبر پختون خوا میں یومِ یک جہتیٔ کشمیر کی تقریب میں گورنر غلام علی اور نگراں وزیرِ اعلیٰ اعظم خان نے شرکت کی۔

تقریب میں نگراں وزراء اور مختلف اسکولز کے طلباء بھی شریک ہوئے۔

کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے، گورنر کے پی کے

اس موقع پر گورنر غلام علی نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یک جہتیٔ کا اظہار کر رہے ہیں، سیاسی و سفارتی سطح پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ اعظم خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے بہت قربانیاں دی گئی ہیں، خیبر پختون خوا کے عوام اور حکومت کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔

اعظم خان کا کہنا ہے کہ ا قوام متحدہ کی قردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں، بھارت کے غاصبانہ قبضے اور ظلم و ستم کی مذمت کرتے ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید