کراچی (اسٹاف رپورٹر) کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور حقوق انسانی کی شدید پامالی،کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف سیاسی ، مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ،تفصیلات کے مطابق، ،پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں مرکزی یکجہتی کشمیر ریلی شاہراہ قائدین سے نمائش چورنگی تک نکالی گئی،ریلی میں شرکاء کشمیر بنے گا پاکستان،تیر امیرا رشتہ کیا لاالہ الااللہ،الجہاد الجہاد کے نعرے لگا رہے تھے ، محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنی قرادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو فوری انصاف نہ دلا کر انصاف کا قتل کررہی ہے،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دریں اثنا سنی تحریک کے تحت دیگر شہروں میں نکالی گئیں ریلیوں سے سے مقررین نے خطاب کیا ،مرکزی امیر تحریک لبیک پاکستان علامہ حافظ سعد حسین رضوی کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر کی طرح تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب کے تحت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف تبت سینٹر سے کراچی پریس کلب عظیم الشان لبیک کشمیر و بیت المقدس مارچ کا اہتمام کیا گیا ، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویژن کے امیر مفتی محمد قاسم فخری نے کہا کہ کشمیر بزور شمشیر ، کا نظریہ ہی کشمیر کی آزادی کا واحد حل ہے ،اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ،دریں اثناجمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا ہےکہ وادی کشمیر میں مسلمانوں کا بہتا لہو امت مسلمہ کا ضمیر جھنجوڑ رہا ہے، مسئلہ کشمیر کا واحد حل جہاد ہے، مقبوضہ وادی میں پچھلے 3برسوں سے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے، پوری قوم کشمیری مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہے۔ عالمی برداری بھارتی مظالم کا نوٹس لے،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع کہا ہے کہ خون کے آخری قطرے تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے،مظلومین کی حمایت اور ظالموں کی مخالفت ہماری زندگی کا مقصد اور ہماری جماعت کے منشور کا حصہ ہے،بھارت کے جارحانہ تسلط سے کشمیریوں کو نجات دلانے کے لیے امت مسلمہ کو عملی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،کشمیر کی آزادی کے لیے ہمیں عالمی قوتوں کی طرف دیکھنے کی بجائے خود عملی کردار ادا کرنا ہو گا،شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مر کزی سیکر ٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کا یوم یکجہتی کشمیر پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننے سے کوئی نہیں روک سکتا،یہ برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے پاکستانی حکومتیں سستی نہ دکھاتیں تو اب کشمیر آزاد ہوچکا ہوتا ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہے کشمیری آزادی کی جنگ اگر ہمیں صدیوں تک بھی لڑنا پڑی تو لڑیں گے اور بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبو ر کریں گے۔