• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرغون ہاؤسنگ اسکیم میں پانی و گیس کا مسئلہ حل کیا جائیگا، ڈی جی کیو ڈی اے

کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے رہائشیوں کے ایک وفد نے زہواک کے قائم مقام صدر فضل داد کے ہمراہ کیو ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل مزمل حسین ہالیپوٹہ اور چیف انجنئیر سلمان طاہر سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں زرغون ہاؤسنگ اسکیم کو درپیش مختلف مسائل زیر غور آئے۔ ملاقات میں کیو ڈی اے کے تمام ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ ڈی جی کیو ڈی اے نے وفد کے مسائل توجہ سے سنے انہوں نے تصدیق کی کہ وزیر خزانہ انجنئیر زمرک نے اسکیم کی گیسی فیکیشن کیلئے وزیر اعلیٰ کو یاد دہانی کرائی ہے اور کیو ڈی حکام کو ایک سمری تیار کرنے کی ہدایت بھی کی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ کیو ڈی اے نے جو سمری بھجوائی تھی وہ ادارے کو دوبارہ موصول ہوئی ہے ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں اس سمری کو دوبارہ تیار کر کے سی ایم سیکرٹریٹ بھجوایا جا رہا ہے ۔ ہر فورم پر ہماری کوشش ہو گی کہ مسئلے کا حل نکل سکے اور اسکیم کو گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پانی کی فراہمی کے حوالے سے ڈی جی کیو ڈی اے نے ایسوسی ایشن کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئےایک کمیٹی تشکیل دیدی جس میں ایسوسی ایشن کی جانب سے اسکیم کے رہائشی انجنئیر ندیم منصور اور کیو ڈی اے کے افسران شامل ہونگے۔ یہ کمیٹی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرے گی جس کی سفارشات پر اسکیم کو پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ چیف انجنئیر سلمان طاہر نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد تجرباتی بنیادوں پر پانی کا نیٹ ورک جلد کھول دینگے۔ ڈی جی کیو ڈی اے نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اسکیم میں موجود ٹیوب ویلز کو استعمال میں نہ لایا گیا تو یہ خراب ہو جائینگے۔ اسکیم کو سیکورٹی کی فراہمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ ایسوسی ایشن کی تجویز پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کو بائی پاس کی جانب پولیس چوکی کے قیام سے متعلق خط لکھ دینگے۔ملاقات میں اسکیم میں اسٹریٹ لائٹس کا معاملہ بھی زیر غور آیا اور یہ فیصلہ ہوا کہ اس ضمن میں کیسکو کو ایک خط لکھا جائیگا اور ان سے اسکیم میں اسٹریٹ لائٹس کیلئے بجلی کی فراہمی پر زور دیا جائیگا۔ ملاقات میں مینٹی ننس کمیٹی پر بھی تفصیلاً بات ہوئی اور اس کے ری ویو کا فیصلہ کیا گیا۔ اس طرح مینٹی ننس چارجز کی وصولی میں ایسوسی ایشن کیساتھ کیو ڈی اے بھی شریک ہو گا اور یہ طے پایا کہ ایسوسی ایشن کے الیکشن کے بعد وجود میں آنے والی نئی کابینہ کیساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ڈی جی کیو ڈی اے نے وفد کی دعوت پر جلد زرغون ہاؤسنگ اسکیم کا دورہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ملاقات میں کیو ڈی اے کے چیف انجنئیر سلمان طاہر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت حال ہی میں ہونے والے اجلاس میں نئی اسکیموں کے اجراء سے متعلق فیصلوں سے کیو ڈی اے کو درپیش مالی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح زرغون کے کمرشل پلاٹس کی سیل سے حاصل ہونے والی رقم سے اسکیم میں سڑکوں کو بلیک ٹاپ کرنے اور دیگر مسائل حل کیے جائینگے۔زرغون ہاؤسنگ اسکیم کے وفد میں محمد رمضان ملا خیل اور انور نیازی شامل تھے ۔
کوئٹہ سے مزید