کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کرسچن کمیونٹی کے نمائندوں عدنان جہانگیر اور زکریا پیٹرک نے مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ملازمہ پر زیورات چوری کرنے کے مقدمہ کی شدید الفاظ مذمت کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خاتون لائبہ پطرس جو ایک گھر میں ملازمہ تھی اس پر گھر والوں نے زیورات چوری کا جھوٹا مقدمہ درج کراکے گرفتار کرایا ہے مذکورہ خاتون کا شیر خوار بچہ ہے اور پولیس حکام مذکورہ خاتون کو بچے سے ملانے اور دودھ پلانے کی اجازت نہیں دے رہے ۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ خاتون گزشتہ 9 دن سے پابند سلاسل ہیں جبکہ چوری کے مقدمے میں کوئی صداقت نہیں بے بنیاد مقدمہ درج کراکے انہیں پھنسایا گیا ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی صاف شفاف تحقیقات کراکے حقائق منظر عام پر لائے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں ۔