کوئٹہ( خ ن) چیف آف بگٹی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے کزن، قبائلی و سماجی رہنماء چیف محمد شریف بگٹی عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم عارضہ قلب کے باعث ملتان کے ایک نجی امراضِ قلب کے اسپتال میں زیر علاج تھے مرحوم چیف محمد شریف بگٹی، سابق چیف آف بگٹیز وڈیرہ علی محمد بگٹی کے فرزند اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے چچا زاد تھے ان کا شمار بگٹی قبیلے کی ایک اہم، باوقار اور معتبر قبائلی شخصیت کے طور پر کیا جاتا تھا مرحوم نے اپنی زندگی قبائلی روایات کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وقف کر رکھی تھی جس کے باعث وہ بگٹی قبیلے سمیت مختلف مکاتبِ فکر میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی میت کو ملتان سے آبائی علاقے بیکڑ منتقل کیا جائے گا جہاں ان کی تدفین کی جائے گی چیف محمد شریف بگٹی کے انتقال پر علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں اور سماجی شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے سیاسی و سماجی حلقوں نے چیف محمد شریف بگٹی کی وفات کو ایک بڑا قبائلی و سماجی نقصان قرار دیتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔