اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شام کے وزیرِ اعظم کو یقین دلایا ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان اپنے شامی بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کریگا۔ پاکستان کی طرف سے بہت جلد شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان سے بھرے ٹرکوں پر مشتمل قافلہ بھی روانہ کیا جائیگا۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شام کے وزیرِ اعظم حسین آرنوس کو ٹیلی فون کیا اور شام میں زلزلے سے شدید جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نےحسین آرنوس کی ہمشیرہ، انکے گیارہ بچوں اور پوتوں اور نواسوں کی ہلاکت پر بھی تعزیت اظہار کیا اور ان کی بلندی درجات اور سوگواران کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام شام میں آنے والے شدید زلزلے میں قیمتی جانوں کے المناک نقصان اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پر گہرے رنج و غم میں مبتلا ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی طرف سے شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی کاوشوں کے بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوری طور پر اپنے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اس مشکل وقت میں وہ اپنے شامی بھائیوں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کریں اور شام میں پاکستان کے سفیر اس سلسلے میں شامی حکام کیساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔