پاکستان شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ حرا خان اور ماڈل و اداکار ارسلان خان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔ ان کی شادی کی مختلف تقریبات سے ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
’شیندی‘ سے قبل مہندی لگائی اور مہندی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں شوبز انڈسٹری کے کئی ستاروں نے اپنے رقص کے جلوے بکھیرے۔
واضح رہے کہ اداکارہ حرا خان نے انسٹاگرام پر اپنی مہندی کی مختلف تقاریب کی ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں، جس میں انہیں ارسلان خان اور اپنے دوست احباب کے ساتھ رقص کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
مہندی لگائی کے موقع پر حرا خان سبز جبکہ ارسلان خان نے سرمائی رنگ کے جوڑے کا انتخاب کیا جس میں دونوں خوب جاذب نظر آئے۔
مہندی نائٹ میں ناصرف حرا خان اور ارسلان خان بلکہ کئی فنکاروں نے دھمال ڈالا جن میں اداکارہ درفشاں اور اداکار شان شاہد کی بھتیجی اور ماڈل نتالیہ شاہد قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر حرا خان اور ارسلان خان نے نارنجی رنگ کی تھیم کو اپنایا۔
گزشتہ روز ہونے والی ان کی شادی کی تقریب میں اس نوبیاہتا جوڑے نے ہلکے گلابی رنگ کا انتخاب کیا اور اسی رنگ کے لباس زیب تن کئے۔
ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد ان کے بہت سے مداح اور ساتھی فنکار نوبیاہتا جوڑے کو مبارکباد دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حرا خان حال ہی میں نشر کئے گئے ڈرامے ’وہ پاگل سی‘ اور ’ میرے ہمسفر ’ میں اپنے کردار ’رومی ’ سے مشہور ہوئیں جبکہ انہوں نے 2021 میں ڈرامہ سیریل پھانس سے شوبز انڈسٹری میں ڈیبیو دیا تھا۔
جبکہ ارسلان خان ایک ماڈل اور اداکار ہیں جنہوں نے 2012 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔