• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعیب اختر اور ندا یاسر کی دلچسپ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ ندا یاسر ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

حال ہی میں ندا یاسر نے اسٹریمنگ سروس اردو فلکس پر سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر کے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی۔

اس شو کے دوران شعیب اختر نے ندا یاسر سے سوال کیا کہ’پاکستان 92ء کا ورلڈ کپ کب جیتا تھا؟

ندا یاسر کو شعیب اختر کے اس سوال کا جواب نہیں معلوم تھا اور اس سوال کا جواب دینے کے لیے اپنے ساتھ شو میں موجود شائستہ لودھی کی مدد لی۔

جیسے ہی ندا یاسر کو اس سوال کا صحیح جواب مل گیا تو اُنہوں نے  شعیب اختر سے ایک بار پھر سے سوال پوچھنے کو کہا۔

جس کے بعد شعیب اختر نے سوال کیا کہ ’پاکستان 2009ء کا ٹی 20 ورلڈکپ کب جیتا تھا؟‘

اب ندا یاسر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ’پاکستان یہ ورلڈکپ 1992ء میں جیتا تھا‘۔

یہ جواب سن کر شائستہ لودھی مسکرائیں اور کہا کہ ’آپ سوال کو تھوڑا غور سے سنیں‘۔

جس پر ندا یاسر نے چونک کر کہا کہ ’میں تو ابھی پچھلے والے سوال کا جواب دے رہی تھی۔

شعیب اختر کے شو سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین کی جانب سے  ملا جلا ردِعمل سامنے آرہا ہے۔

کچھ صارفین سوال کا جواب غلط دینے پر ندا یاسر کو تنقید کا نشانہ بناتے نظر آرہے ہیں جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو کرکٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں ہے تو یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید