• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران دار نہیں ایماندار ججز چاہئیں، نائب صدر ن لیگ

راولپنڈی(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ایک بار پھر سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان پہلے اسٹیبلشمنٹ کے کندھوں پر چڑھ کر آیا‘اب اسٹیبلشمنٹ کے کندھے نہیں رہے تو عدلیہ کے کندھوں پر چڑھ کر آنے کی تیاری کررہا ہے‘ملک کو ایماندار ججز کی ضرورت ہے، عمران دار ججز کی نہیں‘قانون کے آہنی ہاتھ جو نواز شریف کیلئے فولاد کے ہوا کرتے تھے، وہ عمران خان کے لیے موم کے ہاتھ کیوں بن گئے‘جب سے عمران خان آیا مہنگائی جان نہیں چھوڑ رہی، انشا اللہ عمران اور مہنگائی دونوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے‘ہم پر الیکشن سے بھاگنے کا الزام لگانے والا عمران خان خود چھپ کر بیٹھا ہے‘جیلیں بعد میں بھرنا پہلے جیل کاٹ کر آنے والوں کا رونا دھونا بند کرو‘جس روز رانا ثنا اللہ نے گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا تمہیں بچانے والا کوئی نہیں ہو گا،آڈیو لیک ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے جج کو استعفیٰ دے کر عدلیہ پر لگنے والے دھبے کو مٹانا چاہیے تھا‘عدلیہ بھی ایسے عناصر کا احتساب کرے ‘ہماری عدلیہ میں ایماندار اور اچھی ساکھ کے حامل جج بھی ہیں‘ساری عدلیہ کی بات نہیں کرتی، فیض کے چیلے چانٹوں کی بات کرتی ہوںجو فیض کے جانے کے بعد بھی آج اس کا کام کررہے ہیں، تاریخ میں ایسے ججز کا نام ایسے آئے گا جیسے بابا زحمت کا آتا ہے۔ اتوار کو یہاں مسلم لیگ (ن)کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ کے منصوبے ایک طرف اور عمران خان کے قرضے ایک طرف ہیں‘مشکلات پیدا کرکے کوئی اور جاتا ہے اور اس کو ٹھیک کر کے نواز شریف جاتا ہے اور جب ٹھیک کر دیتا ہے تو کہتے ہیں کہ چلو چھٹی کرو اور نکلو، صرف دفتر سے نہیں نکلو بلکہ اس ملک سے بھی نکل جاؤ۔ جو بارودی سرنگیں عمران خان آئی ایم ایف معاہدے کی شکل میں بچھا کر گیا ہے، شہباز شریف دن رات ایک کر کے وہ بارودی سرنگیں چن رہا ہے‘ملک اس وقت بحرانوں سے دوچار ہے، صرف زمان پارک اور بنی گالا کی معیشت ٹھیک ہوئی ہے لیکن ملکی معیشت تباہ ہو گئی ہے اور یاد رکھنا کہ معیشت کو ٹھیک ہوتے ہوتے بھی چند سال لگیں گے‘اگر معیشت کو مسلم لیگ (ن) ٹھیک نہیں کر سکتی تو کوئی اور جماعت بھی ٹھیک نہیں کر سکتی۔

اہم خبریں سے مزید