لاہور ( این این آئی )سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف تاریخ کے نا اہل ترین حکمران ثابت ہورہے ہیں اور مریم نواز بھی انکی نااہلیوں کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں ، (ن) لیگ پنجاب کھو چکی ‘ان (ن)لیگ کا کوئی مستقبل نہیں ‘عمران خان کے خوف نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں‘مریم نواز کی لندن سے واپسی پر ایک مرتبہ پھر لانچنگ بھی ناکام ہو گئی ہے۔ پرویز الٰہی سے مسلم لیگ (ق) کے رہنما ساجد احمد خان بھٹی نے ملاقات کی ۔اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی سیاست کا ایک ہی اسٹار ہے اور اس کا نام عمران خان ہے‘(ن) لیگ میں سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں‘پنجاب کا سیاسی میدان بھی عمران خان کے نام ہوچکا ہے‘پی ڈی ایم کی تمام تر کوشش ہے کہ اقتدار سے چمٹی رہے جس کیلئے انہیں آئین شکنی بھی قبول ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں گرفتاریاں پیش کرنے کیلئے کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔پرویز الٰہی نے الزام عائد کیا کہ ہمارے حامیوں کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جارہا ہے، حکمرانوں کے انتقامی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔