• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتظامیہ اور تاجروں کی ملی بھگت سے غیر حقیقی سرکاری نرخ جاری

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کیلئے انتظامیہ اور تاجروں کی مبینہ ملی بھگت سے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی راولپنڈی نے نئے سرکاری نرخ ایسے مقرر کئے ہیں جو مارکیٹ میں تو کیا ہول سیل میں بھی دستیاب نہیں ہیں۔ 100گرام پتیری روٹی پندرہ جبکہ 120گرام کی خمیری روٹی (سادہ نان) کے ریٹ 20روپے مقرر کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں تاجر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ روزمرہ کی 23اشیاء خوردو نوش کی سرکاری قیمتوں پر کوئی بھی چیز مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوتی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پرچون ریٹ دال چنا موٹی 235روپے کلو‘ باریک 250‘ سفید چنا درمیانہ 355سے 365‘ باریک 310تا 320روپے کلو‘ کالے چنے 215تا 225‘ بیسن 240تا 250 جبکہ مارکیٹ میں 280روپے کلو کا مل رہا ہے۔ دال مونگ دھلی250 تا 260فی کلو‘ دال مسور باریک 250تا 260‘ دال ماش 420سے 430‘ سپر باسمتی چاول316 تا320 فی کلو‘ اری چاول 110تا 116روپے فی کلو‘ دودھ 140تا165 روپے فی لٹر‘ دہی170 روپے کلو‘ چھوٹا گوشت 1500روپے‘ بڑا 750روپے کلو‘ فروٹ‘ انڈے‘ مرغی اور سبزی کے روزمرہ کے ریٹ مارکیٹ کمیٹی تعین کرتی ہے۔ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا کام قیمتیں کنٹرول کرنا ہے لیکن قیمتوں کا تعین غیر حقیقی بنیادوں پر کیا جاتا ہے جس کے باعث پرائس مجسٹریٹس کی چاندی رہتی ہے۔ پولٹری ریٹ اتوار کو زندہ برائلر 460روپے کلو تھا۔
اسلام آباد سے مزید