راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کے اعلیٰ پاک فرمودات وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی، اتحاد و ترقی اور بہترین معاشرہ تشکیل دینے کے لئے ہمارے پاس عظیم ترین مشعلِ راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی تربیتی نشست سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے نئے ہجری سال کا آغاز ہوچکا ہے اور ماہِ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے جس کی تعظیم و تکریم ہم سب پر فرض ہے۔ ماہِ محرم الحرام ہی میں اہلِ بیت اطہار رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین اور بالخصوص حضرت امام عالی مقام امام حسین ؓکی دینِ متین اسلام کی تا قیامت حفاظت و سر بلندی کے لئے عظیم و تابناک قربانی مسلمانانِ عالم کے جذبہِ ایمانی کو حرارت و قوت بخشتی رہے گی اور ہمیشہ خیر اور شر کے درمیان کسوٹی کا کام دے گی۔