اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سماجی تنظیم آس فائونڈیشن کے چیئرمین شبیر عباسی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو تحلیل کرتے ہوئے تمام تراثاثہ جات اور اختیارات میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو منتقل کرنے کے فیصلے کوجسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بنچ کا ایک تاریخ ساز فیصلہ قراردیتے ہوئے اسے جمہوریت کیلئے ایک نیک شگون اور عوام کے لئے خوشخبری قراردیا ہے۔ایک بیان میں شبیر عباسی نے کہا ہے کہ یہ ایک بہت بڑا اجتماعی مسئلہ تھا ،جس پر یہ فیصلہ بہت ہی موزوں ہے ،جسکے شہریوں کی زندگیوں پر دور رس نتائج برآمد ہونگے اور اسلام آباد کے رہائشیوں کا استحصال رکے گا۔ انہوںنے کہاہے کہ جمہوری سوچ اور فلاسفی کے تحت وفاقی دارالحکومت کو بیوروکریٹس پر مشتمل ایک ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی بجائے عوامی نمائندوں پر مشتمل میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ذریعے چلانے کا عمل ملک میں جمہوریت کے فروغ اور عوام کو بیوروکریٹس کے رحم و کرم سے نکالنے میں بھی مدد گار ثابت ہوگا ۔