لاہور(کرائم رپورٹر ) لاہور پولیس نے آج سے شہداء پولیس اور دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کی ویلفیئر کے لیے احسن اقدام کا آغاز کر دیا ہے۔ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز عاطف نذیر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور پولیس شہدا اور دوران سروس وفات پانے والے پولیس ملازمین کے بچوں کا بھرتی ویک منائے گی۔لاہور پولیس کے زیر اہتمام پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں 20 فروری تا 25 فروری بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر نے مذید کہا کہ شہدا اور فیملی کلیم کےقواعد و ضوابط،قانونی تقاضے پورے کرنے والے بچوں کی بھرتی کی جائے گی۔کانسٹیبل،نائب قاصد اور جونیئر کلرک لیڈرز میں بھرتیاں کی جائیں گی۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں امیدواروں کے قد،چھاتی کی پیمائش سمیت تمام پراسس مکمل کیا جائے گا۔عاطف نذیر نے کہا کہ شہدا پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر اور محکمہ پولیس کا فخر ہیں جنہوں نے ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے دوران فرض کی راہ میں اپنا آج ہمارے بچوں کے کل کے لئے قربان کر دیا۔