اسلام آباد (این این آئی)پنجاب اور خیبر پختونخواہ اسمبلیوں میں عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی جس میں پنجاب اور کے پی کے سابق اسپیکرز اور ممبران اسمبلی نے عدالت عظمیٰ سے صوبائی گورنرز کو انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا حکم دینے کی استدعا کی ہے۔سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کو ایک ماہ سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے تاہم گورنرز آئین کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہا ہیں، آئین اور قانون کے مطابق انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، درخواست میں صوبائی گورنرز، الیکشن کمیشن، صدر مملکت، وزارت قانون، پارلیمانی امور، کے پی اور پنجاب حکومتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔