اسلام آباد، کراچی (نمائندہ جنگ، اسٹاف رپورٹر) چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے پیر 27فروری سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران سپریم کورٹ اسلام آباد رجسٹری میں زیر سماعت مقدمات کی سماعت کیلئے پانچ ریگولر اور ایک لارجر بینچ تشکیل دیدیا ہے۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی درخواست پر سپریم کورٹ کراچی برانچ رجسٹری میں انکی سربراہی میں تشکیل دیا گیا دو رکنی بینچ منسوخ کردیا ہے۔ سپریم کورٹ کی کاز لسٹ کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 27فروری کو مقدمات کی سماعت کرنا تھی۔ دوسری جانب کراچی برانچ رجسٹری میں آئندہ ہفتے ہونے والی وکلاء انرولمنٹ کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ انرولمنٹ کمیٹی کے بھی سربراہ ہیں، اسلام آباد رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم نو رکنی لارجر بینچ پیر کے روز پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کریگا۔ کاز لسٹ کے مطابق سابق ایس ایس پی راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت بھی اسی روز ہی ہوگی۔ شریف فیملی سمیت دیگر کی شوگر ملز کی کپاس کے علاقوں سے منتقلی کیس کی سماعت منگل کو ہوگی۔ گلگت و بلتستان اپیلیٹ کورٹ میں ججوں کی تقرری کیخلاف کیس کی سماعت بدھ کے روز جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق کیس کی سماعت جمعہ کو ہوگی۔