اسلام آباد(جنگ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آڈیو لیکس سے متعلق درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف دائر چیمبر اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں ایک نئی متفرق درخواست دائر کردی ہے،جس میں چیمبر اپیل 8مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے،سوموار کے روز دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی لیکن رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا کر درخواست واپس کردی،جبکہ اس کیخلاف دائر چیمبر اپیل بھی تا حال سماعت کیلئے مقرر نہیں کی گئی ہے۔