عالمی شہرت یافتہ خطاط توصیف احمد کے فن پاروں کی نمائش جمعے سے لاہور کی MUSEA آرٹ گیلری میں شروع ہورہی ہے۔
ایک ہفتے جاری رہنے والی نمائش میں توصیف احمد کی خطاطی کے نادر نمونے رکھے جائیں گے، نمائش کا افتتاح سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر ایاز صادق اور پروفسیر مرتضیٰ جعفری کریں گے۔
توصیف احمد عالمی شہرت یافتہ خطاط صادقین کے شاگرد ہیں اور گزشتہ 3 دہائیوں سے خطاطی میں کئی اعزازت حاصل کرچکے ہیں۔
کلرسیداں سے تعلق رکھنے والے توصیف احمد کے خطاطی کے نمونے کویت کے امیر جابر الصباح اور دیگر وزراء کی رہائش گاہوں کی زینت ہیں۔
وہ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں رہتے ہیں جہاں انہیں خطاطی کے فن کاروں پر آسٹریلین مسلم ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
آسٹریلیا کے ملٹری میوزیم میں ان تمام مسلمان فوجیوں کی تصاویر پر توصیف احمد نے خطاطی کی ہے جو افغانستان کی جنگ میں شہید ہوئے۔
توصیف احمد کاغذ کی کٹنگ سے خطاطی کا فن متعارف کراچکے ہیں۔
وہ پورے قرآن کی خطاطی کا بھی عزم رکھتے ہیں، ان کی نمائش اسلامی خطاطی سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے خصوصی اہمیت کا باعث بنے گی۔