اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نااہلی اور تحریک انصاف کے استعفوں کی منظوری کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی استعفوں کی منظوری کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر ہوگئی۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 15 مارچ کو سماعت کریگا، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عائشہ ملک بینچ میں شامل ہیں۔سپریم کورٹ نے اس سلسلہ میں تحریک انصاف کو نوٹس جاری کر دیا، تحریک انصاف نے استعفوں کی ایک ساتھ منظوری کیلئے گزشتہ سال درخواست دائر کی تھی ۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نااہلی کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 15مارچ کو درخواست پر سماعت کریگا۔