لندن(ودود مشتاق) برطانیہ میں ہزاروں جونیئر ڈاکٹرز نے تنخواہوں میں 26فیصد اضافے کیلئے ہڑتال کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جونیئر ڈاکٹرز نے گزشتہ کچھ عرصے سے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کررکھا تھا لیکن حکومت کی طرف سے مسلسل سرد مہری کے بعدجونیئر ڈاکٹرز نے انتہائی قدم اٹھا لیا اور مطالبات کی منظوری کیلئے تین روزہ تاریخی ہڑتال کا اعلان کردیا ۔ ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ ان کی تنخواہوں میں 26فیصد اضافہ کیا جائے جسے حکومت نے مسترد کر دیا ہے۔ وزیر اعظم رشی سوناک نے بھی ڈاکٹرز کی اس ہڑتال پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ڈاکٹرز کو حکومتی نمائندوں سے مذاکرات کرنے چاہئے، ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ہزاروں اپوائنٹمنٹس ، آپریشنز اور سرجیکل پروسیجرز متاثرہوئے ہیں، جونیئر ڈاکٹرز کی ہڑتال کےباعث سینئر ڈاکٹرز ، سرجنز اور کنسلٹنٹس کا کام بھی شدید متاثر ہوا ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزاروں آپریشنز منسوخ کئے گئے ہیں۔ سیکرٹری صحت سٹیو بارکلے نے جونیئر ڈاکٹرز کی ہڑتال کو انتہائی قدم قرار دیتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں 26فیصد اضافے کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔ انہوٍں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے ، جونیئر ڈاکٹرز کی ہڑتال کے بعد برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن اور ڈاکٹرز کی دیگر تنظیموں نے بھی ان کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کردیا، واضح رہے کہ برطانیہ میں جونیئر ڈاکٹرز کی تعداد کُل ڈاکٹرز کی تعداد کا 40فیصد ہے جس کی وجہ سے طبی سہولتوں کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔