اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عام انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریگی، مردم شماری کا عمل وقت ضائع کئے بغیر مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، آئی ایم ایف نے مذاکرات کے دوران سیاسی عدم استحکام کا ذکر نہیں کیا، مجھے امید ہے کہ جلد اسٹاف لیول معاہدہ طے ہوجائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں سی پی این ای کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے ہم اس پر عمل پیرا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ زلمے خلیل زاد کو جس وقت پوری اپوزیشن کو دیوار میں چنوایا جا رہا تھا اس وقت خیال نہیں آیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج وزیراعظم ہاؤس میں ہماری نشست ایسے حالات میں ہورہی ہے جب پاکستان معاشی اور سیاسی طورپر بڑے چیلنجز سے گزر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے موجودہ حکومت کی کوشش آپ کے سامنے ہے اس لیے اس بارے میں زیادہ بات نہیں کروں گا لیکن یہ ضرور کہوں گا کہ تمام کاوشیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الحمداللہ دیوالیہ پن کا خوف ختم ہوچکا ہے لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے ہمیں ایسی شرائط تسلیم کرنی پڑرہی ہیں جسکے اثرات یقیناً عوام پر پڑ رہے ہیں اور پڑتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کی جو شرائط تسلیم کی تھیں انہیں آئی ایم ایف نے ہمیں من و عن تسلیم کرنے کا کہا ہے، اس کا باقاعدہ جائزہ بھی لیا گیا ہے، اس لیے ہمیں یہ شرائط ماننی پڑی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف نے مذاکرات کے دوران سیاسی عدم استحکام کا ذکر نہیں کیا، مجھے امید ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جلد اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے گا اور پھر یہ معاملہ آئی ایم ایف بورڈ کے پاس جائے گا۔