• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں مودی جمہوریت کا چہرہ بے نقاب کرتی ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل

لندن ( آن لائن ) برطانوی یونیورسٹیوں میں مودی سرکار کے کشمیر میں مظالم کی گونج،ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے ،شرکاء نے کہا کہ بھارت پاکستان کے صوبے بلوچستان میں بھی دہشتگردوں کی سر پرستی کر کے کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔تفصیل کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام برطانیہ کی ایسٹ اینگلیا یونیورسٹی میں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سیمینارکا انعقاد کیا گیا ،جس میں لندن سکول آف اکنامکس اور ایسٹ اینگلیا یونیورسٹی سمیت 7 برطانوی تنظیموں کی طر ف سے مودی سرکار کی کشمیر میں مظالم اور آزادی صحافت پر کریک ڈاؤن کی شدیدمذمت کی گئی ۔سیمینار کا انعقادایمنسٹی انٹرنیشنل ایسٹ انگلیا یونیورسٹی کی صدر سید حمزہ کے زیرِ اہتمام کیا گیا جو وہاں زیر تعلیم ہیں،سیمینار سے صدرایمنسٹی انٹرنیشنل ایسٹ انگلیا یونیورسٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر یوکرین اور فلسطینی تنازعے کی طرح سنگین ہے،عالمی برادری کو جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انڈیا ایمنسٹی انٹرنیشنل کی کوارڈینیٹر چیری برڈنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور جتھہ انصاف مودی کے ہندوستان کی نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہیں،کشمیر میں تحریکِ آزادی کو دبانے کے لئے پیلٹ گن کا استعمال جبر و استبداد کی بدترین مثال ہے،مودی نے ہندوستانی صحافت کا گلہ گھونٹ کر اسے آمریت کی طرف دھکیل دیا ہے۔ اس موقع پر دیگر شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے صوبے بلوچستان میں بھی دہشتگردوں کی سر پرستی کر کے کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

یورپ سے سے مزید