• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل ہسپتال میں 200 پاکستانی اور 10غیر ملکی ڈاکٹروں کی آرتھوپیڈک سرجری کی تربیت مکمل

لاہور(جنرل رپورٹر)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال ملکی ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک کے ڈاکٹرز کو بھی مختلف شعبوں میں عالمی معیار کی طبی تعلیم و تربیت فراہم کررہاہے اور پی جی ایم آئی کے اساتذہ کی خدمات کا دیگر ممالک بھی اعتراف کرتے ہیں اور نوجوان آرتھو کنسلٹنٹس کے لئے منی فیلو شپ پروگرام کے تحت 200پاکستانی اور 10غیر ملکی ڈاکٹرز نے آرتھو پیڈک اور سپائن سرجری کی مختلف سپیشلسٹز میں اپنی تربیت مکمل کر کے اس بات کو ثابت کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے پروفیسر میاں محمد حنیف کی زیر نگرانی منی فیلوشپ کے10ویں بیج مکمل ہونے پر تقسیم اسناد کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ انہوں نے پروفیسر محمد حنیف اور اس پروگرام کے فوکل پرسن ڈاکٹر شیراز ملک کی کاوشوں کو بھی شاندار الفاظ میں سراہا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف نے کہا کہ اس طرح کا اکیڈمک پلیٹ فارم تمام ٹیچنگ ہسپتالوں میں قائم کیا جانا چاہیے ،انہوں نے ڈاکٹر انس محمد عبداللہ اور زید السراج کی خدمات کو سراہا ۔ ڈاکٹر خالد کاظمی، ڈاکٹر عدیل حامد، ڈاکٹر ظفر اقبال،ڈاکٹر طاہر محمود، ڈاکٹر عبدالعزیز،ڈاکٹر اعجاز احمد، ڈاکٹر حضر غالب، ڈاکٹر نوید علی، ڈاکٹر عثمان گل، ڈاکٹر شجاع الدین، ڈاکٹر رضوان شاہ، ڈاکٹر شہزاد، ڈاکٹر ضیا ء الدین سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی تقریب میں موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے انکشاف کیا کہ پی جی ایم آئی اور لاہور جنرل ہسپتال کا دیگر ممالک کے علاوہ محکمہ صحت سے بھی قریبی رابطہ ہے اور بیرون ملک سے مزید ڈاکٹرز تربیت کے لئے ایل جی ایچ شعبہ آرتھوپیڈک کا رخ کر رہے ہیں اور ہم ڈاکٹرز کی ٹریننگ کے مربوط پروگرام پر کامیابی کے ساتھ عمل پیرا ہیں جبکہ یہ سلسلہ آئندہ برسوں میں بھی کامیابی کے ساتھ جاری رہے گا۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ مریض کی سرجری اور اُس کی صحت یابی ڈاکٹر کی ہنر مندی اور پیشہ وارانہ مہارت پر منحصر ہے کیونکہ ڈاکٹر جتنا اپنا شعبے میں مہارت رکھتا ہوگا اتنی ہی کامیاب سرجری اور مریض کی شفایابی جلد ممکن ہو سکے گی ۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
لاہور سے مزید