• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے‘ ایف ڈی ایف

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)فرسٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین کرنل( ر) راجہ جاوید مجتبیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان معدنیات اور دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور ذاتی مفاد کو ترجیح دینے کے باعث عوام بدحالی کا شکار اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، اقتدار میں آکر پاکستان کو دنیا کے سامنے عظیم ملک اور بلوچستان کو ترقی یافتہ بنائیں گے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو فرنٹ کے سیکرٹری انفارمیشن نازنین انور ایڈووکیٹ و دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں جوق درجوق شمولیتیں ہورہی ہیں جس سے پارٹی آنے والے وقت میں ملک کی بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھرے گی ، ہم نے اقتدار میں آنے کے لئے نہیں بلکہ ملک کے نظام کی بہتری کے لئے جماعت بنائی جو ملک میں قانون کی حکمرانی لاکر عوام کے مسائل حل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام ملک میں بدامنی ، معاشی بدحالی اور موروثی سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں ۔ عوام کو انصاف ، تعلیم ، روزگار اور صحت سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی ، آزاد اور غیرجانبدار انتخابات اور الیکشن کے اخراجات میں حد درجہ کمی سے ملک کے حالات بہتری کی طرف جاسکتے ہیں ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فوج نے کبھی سیاست میں مداخلت نہیں کی اور نہ ہی کبھی کرے گی ۔
کوئٹہ سے مزید