لندن (سعید نیازی)پاکستان کے معروف گلوکار اور سہارا فارلائف ٹرسٹ کے چیئرمین ابرار الحق نے اس خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو گرفتار کرنا ہی مقصدنہیں بلکہ انہیں ایسا انجکشن لگایا جا سکتا ہے کہ خدانخواستہ دوہفتوںکے بعد ان کا انتقال ہی ہوجائے۔ وہ اتوار کی شام لندن میں منعقد چیرٹی ڈنر کے موقع پر میڈیا سےگفتگو کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس دور میں فوج کا وقار جس طرح کم ہوا ہے اس پر انہیں شدید دکھ ہے، ہماری فوج کی قربانیاں بے شمارہیں، جنگوںمیں فوجی جوانوںنے جانیں دی ہوئی ہیں، ملک میںسیلاب ہو یا زلزلہ فوج ہی آگے بڑھ کر کام کرتی ہے، لیکن اس دور میں کچھ چیزیں ہماری سمجھ سے بالاتر ہیں،تاہم منصوبہ یہ ہی نظر آتاہے کہ عوام کے دل سےفوج کا پیار نکال دیا جائے جو کہ ممکن نہیں ہے، اور امید ہے کہ فوج بھی بڑے مناسب طریقے سے چیزوں کو آگے بڑھائے گی۔ ابرارالحق نے کہا کہ وہ لندن سے سیدھا لاہور جاکر زمان پارک جائیں گے۔لاہور میں زمان پارک میں جوکچھ ہوا وہ بڑی تکلیف دہ بات تھی کاش میں وہ خود وہاں ہوتا۔ خان صاحب ہماری جان اور پورے پاکستان کی دھڑکن ہیں، اس لئے وہ لوگوں کی نظروں میں کھٹکتے ہیں۔ ان کے خلاف جو بھی اقدامات کرتے ہیں اس سے ان کی گڈی اور چڑھ جاتی ہے۔ زمان پارک میں آپریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بوکھلاہٹ کاشکار ہیں۔ ان پرکوئی چیزڈالنا چاہتے ہیں کہ کلاشنکوف نکل آئی ہے مقدمہ بنانے کیلئے، کیونکہ دہشت گردی کا مقدمہ زیادہ سخت ہوتا ہے۔مریم بی بی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں میرے بارے میں بھی میرا نام لے کر میرے کسی بیان کے حوالے سے انہوں نے تنقید کی ہے، جس میں ، میں انہیں مشورہ دے رہا تھا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈےاستعمال نہ کریں۔ کفر کے ساتھ تو ریاست چل سکتی ہے لیکن ناانصافی کے ساتھ نہیں، بعض لوگ مجھ سے آکرعجیب باتیں کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں لیکن ہم ان کو منع کرتے ہیں،میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ تھوڑی سی اپنی عزت رہنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زندگی کو شدید خطرہ ہے، وہ جیل سے بالکل نہیں ڈرتے ہیں، وہ اپنی زندگی سے صفر پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کی گہما گہمی نظر آرہی ہے مجھ پر بھی مقدمات قائم کئے جا سکتے ہیں۔ چیرٹی کے کاموں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا کردار پاکستان کے فلاحی منصوبوںمیں بڑا اہم ہوتا ہے۔ اور آج ان کی حمایت سے ہی سہارا 22 سال سے 600 بیڈز کا ہسپتال چلا رہا ہے۔ میڈیکل کالج بن کر چلنا شروع ہو چکا ہے۔ کینسر کا ہسپتال بھی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہارا ایجوکیشن ٹوئن ٹاوربنا رہا ہے جوکہ جوہر ٹاؤن لاہور میں بن رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ جلد اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق بھی ملے گا۔ اس موقع پر شیخ سربلند اورمحبوب حسین سمیت متعدد پاکستانیوں نے سہارافارلائف ٹرسٹ کیلئے دل کھول کے عطیات پیش کئے۔ تقریب کی نظامت انیسہ ناصر نے کی۔ ابرار الحق اور آئمہ بیگ کے علاوہ جوگا سنگھ نے بھی شرکاء کو گانے سنائے۔